پرانے وقتوں میں ایک گاؤں ہوا کرتا تھا۔ اس گاؤں میں ایک غریب لڑکا رہتا تھا۔ وہ غریب ضرور تھا مگر دل کا بہت اچھا اور ایماندار تھا۔ اس کا نام احمد تھا۔ لوگ اسے اس کی شرافت اور ایمانداری کی وجہ سے جانتے تھے۔ اس کے والد ایک کسان تھے، احمد پڑھائ کے ساتھ روز اپنے والد کے ساتھ کھیتوں میں بھی کام کرتا تھا، اسی سے ان کے گھر کا چولھا جلتا تھا۔
ایک دن بازار جاتے ہوۓ احمد کو راستے میں ایک چمڑے کا بٹوا ملا۔ اس نے بٹوا کھول کر دیکھا تو اس میں اچھی خاصی رقم، ایک شناختی کارڈ اور چند اہم کاغذات موجود تھے۔ اس میں اتنی رقم تھی کہ اس کے گھر کے مالی حالات بہتر ہوسکتے تھے۔ اس نے سوچا کہ اگر وہ یہ پیسے رکھ لے تو اس کے والد کی بہت سی پریشانیاں ختم ہوجائیں گی۔ لیکن اگلے ہی لمہے اس کے ذہن میں خیال آیا کہ یہ بٹوا اور رقم کسی کی امانت ہے اور اگر میں یہ رکھ لوں گا تو امانت میں خیانت ہوگی۔
احمد نے شناختی کارڈ پر درج پتے کے مطابق مالک کا گھر تلاش کیا۔ آخرکار وہ ایک گھر کے قریب پہنچا۔ پاس جاکر اس نے دروازے پر دستک دی۔ دروازہ کٹھکٹھانے پر ایک بزرگ باہر آۓ۔ بزرگ کافی پریشان لگ رہے تھے۔ دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ آج جب وہ بازار سے واپس آرہے تھے تو ان کا بٹوا کہیں کم گم ہو گیا تھا۔ احمد نے شرمندگی کے ساتھ بٹوا بزرگ کو دیا اور سارا واقعہ کہہ سنایا۔ وہ بزرگ کافی نیک اور شریف تھے، انھوں نے احمد کو کچھ نہیں کہا۔ بزرگ نے بٹوا کھول کر دیکھا تو اس میں ایک روپیہ بھی کم نہیں تھا۔ بزرگ احمد کی ایمانداری سے کافی متاثر ہوۓ۔ انہوں نے احمد کو بطور انعام کچھ رقم دینی چاہی لیکن احمد نے ادب سے منع کر دیااور کہا کہ، "میں نے صرف اپنا فرض ادا کیا ہے، کسی کی امانت واپس کرنا میرا اخلاقی فرض تھا۔" بزرگ اس کے جواب سے اور بھی زیادہ متاثر ہوۓ۔
چند روز بعد بزرگ نے احمد کی پڑھائ کا خرچہ اٹھانے کا فیصلہ کیا، انھوں نے اسے نئ کتابیں اور یونیفارم خرید کر دیں تاکہ وہ اپنی پڑھائ جاری رکھ سکے۔ وقت گزرتا گیا۔ احمد نے خوب محنت سے پڑھائ کی اور ایک کامیاب ڈاکٹر بن گیا۔ جب بھی کوئ اس سے اس کی کامیابی کا راز پوچھتا تو وہ مسکرا کر یہی کہتا،" زندگی میں اخلاقی بنیاد اور ایمانداری بہت اہم ہوتی ہے۔ اگر انسان سچا اور دیانتدار ہو تو اللّہ تعالیٰ اس کے لیے کامیابی کے دروازے خود کھول دیتا ہے۔"
سبق: ایمانداری اور سچائی انسان کی سب سے بڑی دولت ہیں۔جو شخص دوسروں کے حقوق کا خیال رکھتا ہے اور ہر حال میں سچ کا ساتھ دیتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے عزت، اعتماد اور کامیابی عطا کرتا ہے۔
تبصرے (0)
Leave a Comment